میرا مکان ایسا ہوا جس کا ایک تنکا بھی حرام کا نہ ہو۔
میرا مکان ایسا ہو جس میں سود کا دھواں تک نہ پہنچے۔
میرا مکان ایسا ہو جس میں کسی کا قرض نہ ہو۔
میرا مکان ایسا ہوجہاں کوئی ناگوار بات سنائی نہ دے۔
میرا مکان ایسا ہو جس میں غیبت نہ ہو، بہتان نہ ہو، کسی پر کوئی الزام نہ ہو۔
میرا مکان ایسا ہو جس میں ازواج ہم آہنگ ہوں، کامل اطاعت ہو۔
میرا گھر بہت کشادہ ہو اور اس کے ہر مکیں کا دل کشادہ ہو۔
میرا گھر ایسا ہو جہاں کھانے پینے کی ہر چیز پاک اور خالص آئے جس میں کوئی ملاوٹ نہ ہو۔
میرا گھر ایسا ہو جو قدرتی طور پر گرمی اور سردی سے بچائے۔
میرا گھر ایسا ہو جس کے ہر کمرے میں روشن دان ہو، جس سے ہوا آئے ،نور آئے۔
میرا گھر وہاں ہو جہاں علم و جہالت کی مضبوط سرحدی لائن کھینچی جا چکی ہو۔ اور ان کے مابین اب کوئی تکرار نہ ہو۔
میرا گھر اتنا محفوظ ہو کہ کبھی کوئی اس کو نقصان نہ پہنچا سکے اور یہ ہمیشہ قائم اور دائم رہے۔
میرا مکان ایسا ہو جس میں اللہ کی کبرائی بلندہو اور اس کے مکیں رسول اللہﷺ کے عاشقین ہوں۔
میرا مکان ایسا ہو جس کے فرش پر سجدوں کے نشانات ثبت ہوں۔ اور اس کا کوئی کونا قیام، رکوع و سجود کی کثرت کا گواہ ہو۔
میرا مکان ایسا ہو جس کے درو دیوار میری شہادت کی گواہی دیں۔
میرا مکان ایسا ہو جسے مشرق سے طلوع ہوتا اور مغرب میں غروب ہوتا سورج اپنی کرنوں سےمنور رکھے۔
میرا مکان ایسا ہو جس کی چھت سے گھٹتا بڑھتا چاند نظر آئے اور چاندنی رات میں دمک اٹھے۔
میرا گھر ایسا ہو جس میں خوشبو ہی خوشبو ہو۔
میرا گھر وہاں ہو جہاں چاروں اطراف سے سلام کی آوازیں آتی ہوں ۔
میرا گھر ایسا ہو جس سے متصل دو باغ ہوں جس میں ہر قسم کے لذیذ پھل کثرت سے ہوتے ہوں۔
میرا گھر ایسا ہو جس کا پورا پڑوس میرے گھر سے بہتر ہو،لیکن اس پڑوس سے بہتر کوئی پڑوس نہ ہو،اس محلہ سے بہتر کوئی محلہ نہ ہو، اور اس شہر سے بہتر کوئی شہر نہ ہو، اور اس ملک سے بہتر کوئی ملک نہ ہو۔
میرے پڑوس میں دنیا کا سب سے بہترین انسان یعنی میرا محبوب رہتا ہو۔
میرے پڑوس کے نیچے سب سے خوبصورت نہر بہتی ہو، جس کے پانی کی سفیدی اور مٹھاس، تمام نہروں سے بہتر ہو، اور اس نہرکا مالک وہی میرا محبوب ہو۔
( نوٹ: اس کالم میں میرے گھر کا پتہ موجود ہے۔ آپ تشریف لا سکتے ہیں)
تحریر: جاوید انور، ٹورونٹو، کینیڈا
مورخہ 25 جون سن 2024 عیسوی
ذو الحجہ 18سن 1445 ہجری
+1-416-568-8190
Facebook/JawedAnwarPage
X/AsSeerah